ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / لالو یادو کی افطار پارٹی میں نتیش اور مانجھی ساتھ ساتھ بیٹھے،رام جیٹھ ملانی کی بھی شرکت

لالو یادو کی افطار پارٹی میں نتیش اور مانجھی ساتھ ساتھ بیٹھے،رام جیٹھ ملانی کی بھی شرکت

Sun, 03 Jul 2016 11:28:44  SO Admin   S.O. News Service

لالونے کہا،پارٹی سے نکالے جانے کے خوف سے بی جے پی لیڈرنہیں آئے

پٹنہ2جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادو کی طرف سے یہاں منعقد افطار پارٹی میں بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار، سابق وزیراعلیٰ جیتن مانجھی اورمشہور وکیل اور آر جے ڈی رکن پارلیمنٹ رام جیٹھ ملانی سمیت مختلف جماعتوں کے رہنماشامل ہوئے۔افطارپارٹی کا اہتمام لالو کے بڑے بیٹے اور ریاست کے وزیر صحت تیزپرتاپ یادو کے سرکاری بنگلے پرکیاگیا۔افطارپارٹی میں کئی اہم رہنما موجود تھے۔اسمبلی کے صدر وجے کمار چودھری اور قانون ساز کونسل کے چیئرمین اودھیش نارائن سنگھ بھی وہاں موجود تھے۔طویل وقت کے بعد نتیش اورمانجھی ارد گرد بیٹھے اور دونوں رہنماؤں نے کہا کہ یہ ایک سماجی موقع ہے جس میں مختلف جماعتوں اور زندگی کے مختلف علاقے کے لوگوں کی موجودگی فطری ہے۔وزیراعلیٰ نے مانجھی کے ساتھ ہونے کو لے کر پوچھے جانے پرکہاکہ یہ ایک سماجی موقع ہے جس میں ہر کوئی شامل ہوتا ہے۔انہوں نے افطار پارٹی کے انعقاد کیلئے لالو یادو کو مبارکباد دی۔مانجھی نے بھی صحافیوں کو بتایا کہ اس طرح کے پروگرام کوسیاست کے چشمہ سے نہیں دیکھاجاناچاہئے۔بی جے پی کی اتحادی ہندوستانی عوام مورچہ (ہم)کے سربراہ مانجھی نے کہا کہ وہ پروگرام میں اس لئے شامل ہوئے کیونکہ حال میں لالو بھی ان کی طرف سے منعقد اس طرح کے ایک پروگرام میں شامل ہوئے تھے۔لالو نے موثرمیزبان کا کردار ادا کیا اور مہمانوں کوبیٹھانے کیلئے ادھر سے ادھر گھومتے نظرآئے۔آرجے ڈی صدر نے نامہ نگاروں سے کہا کہ انہوں نے بی جے پی لیڈروں کو بھی دعوت دی تھی لیکن وہ پارٹی سے نکالے جانے کے خوف سے نہیں آئے۔حال میں راشٹریہ جنتا دل کے ٹکٹ پر راجیہ سبھاکے لیے منتخب ہوئے مشہور وکیل رام جیٹھ ملانی افطار پارٹی کے دوران لالو کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔لالو کی بیوی اورسابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی، ایم پی بیٹی میسا بھارتی، چھوٹے بیٹے اور نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو اور تیز پرتاپ لالو کے ساتھ مہمانوں کا استقبال کر رہے تھے اور ان کے ساتھ گھل مل کر باتیں کر رہے تھے۔


Share: